عمر شریف کا جسد خاکی گھر پہنچا دیا گیا

ليجنڈری اداکار اور کاميڈين عمر شريف کی میت سرد خانے سے ان کے گھر پہنچا دی گئی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج بروز بدھ کی سہ پہر 3 بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوگی۔

قبل ازیں عمر شریف کا جسد خاکی آج بروز بدھ 6 اکتوبر کو بذریعہ طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 35 منٹ پر جرمنی سے براستہ کراچی پہنچايا گيا۔ ميت ترک ائيرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذريعے لائی گئی۔

عمر شريف کی بيوہ زرین غزل اور جرمنی ميں پاکستانی قونصل جنرل امجد علی بھی اسی طيارے ميں کراچی پہنچے۔

اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم میں لپٹے عمر شریف کے جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔

صوبائی وزير سعيد غنی بھی ایئرپورٹ پر موجود رہے، ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف کے بیٹے سے مسلسل رابطے میں ہوں۔ عوام سے گزارش ہے کہ بڑی تعداد میں نماز جنازہ اور تدفین میں شریک ہوں۔ جنازے کیلئے تمام اقدامات مکمل ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ عمر شریف کے اہل خانہ کو مکمل سہولت دیں۔ اہل خانہ سے کہا ہے کہ کوئی ادارہ عمرشریف کے نام سے منسوب کریں گے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ نماز جنازہ کے مقام عمر شریف پارک اور تدفین کے مقام درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر 200 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر پولیس کی جانب سے 2 ایس پیز اور 6 ایس ایچ اوز کو تعینات کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

دوستوں کے ساتھ شیئر کریں

عماد خٹک

عماد خٹک شعبہ ذرائع ابلاغ کے اسٹوڈنٹ ہیں۔ نیوز ویب سائٹ اور اخبارات میں رپورٹنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، آرٹیکل رائٹنگ میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اردگرد کے مسائل کو قلم بند کرنے کا ہنر رکھتے ہوئے اپنے آپ کو اس شعبے سے وابستہ رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ